بنگلورو، 26؍اپریل(ایس او نیوز)ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے کرناٹک میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ لیا ہے۔ پیر کے روز وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کی صدارت میں ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔
میٹنگ کے بعد ریاستی وزیر صحت ڈاکٹرسدھاکر نے اخباری نمائندو ں کو بتایا کہ ریاست میں ویکسی نیشن میں تیزی لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ جن ممالک میں کورونا کے کیس بڑھ رہے ہیں وہاں سے آنے والوں پر نظر رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچنے کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے جلد ہی رہنما خطوط جاری کئے جانے کا قوی امکان ہے۔
سدھاکر نے بتایا کہ بنگلورو میں کورونا کی پازیٹیویٹی شرح میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے حکومت نے اس پر خصوصیت کے ساتھ نظر رکھی ہے۔ فی الحال جو لوگ ماسک نہیں پہنیں گے ان پر جرمانہ نہیں لگے گالیکن آنے والے دنوں میں اگر حالات مزید خراب ہو گئے تو اس مرحلہ میں ماسک کی پابندی سختی سے لاگو کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے آنے والے باشندوں پر نظر رکھنے کیلئے ایر پورٹ پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور اس کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے عملہ بھی متعین کیا گیا ہے۔ سدھاکر نے کہا کہ جن لوگوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی ہے وہ چوتھی لہر کے آنے کا انتظار نہ کریں بلکہ پہلی فرصت میں ویکسین لگوائیں۔ماسک کے استعمال کے بارے میں وزیر صحت نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے اس کیلئے واضح رہنما خطوط جلد جاری کئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ بومئی کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں وزیر صحت سدھاکر کے علاوہ وزیر محصولات آر اشوک، چیف سکریٹری روی کمار، محکمہ مالیات کے سکریٹری آئی ایس این پرساد، اڈیشنل چیف سکریٹری وندیتا شرما، کووڈ ٹاسک فورس کمیٹی کے چیرمین ڈاکٹر سدرشن، نیشنل ہیلتھ مشن کی ڈائرکٹر ڈاکٹر ارندھتی چندرا شیکھر، محکمہ صحت کے کمشنر رندیپ، بی بی ایم پی چیف کمشنر گورو گپتا، بی بی ایم پی کے اڈمنسٹریٹر راکیش سنگھ، اسپیشل کمشنر (ہیلتھ) ترلوک چند وغیرہ شریک رہے۔